کراچی : راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی، دو خواتین جاں بحق، دو زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) گلشن چورنگی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے دو خواتین جاں بحق ، جب کہ دو زخمی ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب ایک شادی ہال میں پیش آیا جہاں ایک مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے خواتین میں راشن تقسیم کیا جارہا تھا۔

اس موقع پر لان کے اندر اور باہر ہزاروں کی تعداد میں خواتین جمع تھیں جن میں سے بیشتر نے آگے نکلنے کی کوشش میں دھکم پیل کی۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی اور خواتین ایک دوسرے کے نیچے دب گئیں۔ جس سے متعدد عورتیں زخمی اور بے ہوش ہوگئیں، جنہیں عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق اس واقعہ میں دو خواتین عظمی جمال اور نصرت الطاف جاں بحق ہوگئیں جبکہ دو خواتین کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ بدانتظامی اور ہلاکتوں کے باوجود خواتین کی بڑی تعداد راشن کے حصول کے لئے جمع رہی۔ پورے واقعہ کے بعد جب کچھ دیرکیلئے راشن کی تقسیم روکی گئی تو اِس دوران وہاں بیٹھی خواتین اور ان کے ساتھ آئے ہوئے مردوں نے لوٹ مار شروع کردی۔

جس کے ہاتھ جو آیا ،لے کر چلتابنا۔پولیس نے اِس موقع پر کچھ مردوں کو بھی حراست میں لیاہے۔ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کے مطابق منتظمین کی جانب سے ماضی میں راشن کی تقسیم ایک مدرسے اور مسجد میں کی جاتی تھی تاہم گذشتہ ایک سال سے ویلفیئر کے اس کام وسعت کی وجہ سے شادی ہال میں انتظام کیا جارہا تھا۔ پولیس کے مطابق اس تقریب کی پولیس کو اطلاع نہیں دی گئی۔

ایس ایچ او گلشن اقبال، محمد عرفان کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس نے ہال کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور راشن کی تقسیم عارضی طور پر بند کرادی ہے جو انتظامات کے بعد شروع کی جائے گی۔ کراچی میں اس سے قبل بھی اس نوعیت کے سانحات ہوچکے ہیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس نوعیت کے رفاحی کام منصوبہ بندی اور پولیس کو باخبر رکھ کر کئے جائیں تاکہ ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔