کراچی میں مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں عمران چنگیزی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مشرقی پاکستان کو جمہوری حق سے محروم رکھنے کی سازش کی وجہ سے پاکستان کو دولخت ہونے کے جس سانحہ سے گزرنا پڑا اس کا ازالہ تا قیامت ممکن نہیں ہے ۔

اب ایک بار پھر کراچی کے عوام کے ساتھ مشرقی پاکستان کے عوام جیسا سلوک اور کراچی کے عوام کو جمہوری عمل و انتخابات میں اپنی مرضی کی قیادت کے انتخاب سے روکنے کیلئے دہشت گردی کا تسلسل پاکستان کیخلاف بین الاقوامی سازش کا عندیہ دے رہا ہے۔

نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کراچی میں مسلسل دہشتگردی اور بم دھماکوں پر تاسف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مشرقی پاکستان جیسے مزید زخم دینے کی بین الاقوامی سازش کیخلاف تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں کو ذاتی مفاد پس پشت ڈال کر وطن کی سلامتی و استحکام کیلئے دہشت گردی کے خلاف آواز بھی اٹھانی ہوگی۔

یکجا و متحد ہوکر جدوجہد بھی کرنی ہوگی وگرنہ انتخابات شفاف نہیں کہلائیں گے اور کراچی کے عوام کی حق رائے دہی و قیادت کے انتخاب سے محرومی ان کے احساس محرومی میں اضافہ کریگی جو جمہوریت پاکستان عوام پاکستان اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئے خطرات کا باعث بنے گا۔

اگر خدانخواستہ پاکستان کی سلامتی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ان جماعتوں پر ہوگی جوموجودہ حالات میں حادثات میں مرنے والوں کا سامان لوٹنے والے مفاد پرستوں کا کردار ادا کررہی ہیں۔