کراچی : دھماکہ خیز مواد برآمد، فائرنگ سے4 افراد زخمی

Karachi Blast

Karachi Blast

کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے اورنگی ٹان میں رینجرز نے چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا، فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔ کھار ادر میں دو گروپوں میں فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔کراچی اورنگی ٹان نمبر 10 میں رینجرز نے چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، کریکرز اور دیگر تخریب کاری کا سامان برآمد کر لیا۔

چھاپے کے دوران ایک ایس ایم جی بھی ملی ہے جبکہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دوسری جانب یونیورسٹی روڈ سے سرکاری گاڑی چھین لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد گاڑی سمیت موبائل فونز اور دیگر سامان بھی چھین کر فرار ہو ئے ہیں۔ گلزار ہجری میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ ایم اے جناح روڈ اور منگھو پیر میں بھی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ کھارادر میں دو گروپوں کی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز علاقے سے غائب ہے۔