کراچی، بائیں کی بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن، دو بچوں کی ماں معذور ہو گئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے خاتون دونوں ٹانگوں سے معذور ہو گئیں، متاثرہ ٹانگ کے بجائے صحت مند ٹانگ کا آپریشن کر کے راڈ ڈال دی گئی۔ گذشتہ روز دادو کے علاقے میہڑ سے نجمہ نامی خاتون اپنی والدہ اور بھائی کے ہمراہ ایک ٹانگ کے آپریش کے لئے کراچی کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال اس امید آئیں کہ صحت مند ہوکر واپس گھر لوٹیں گی لیکن حالات ان کی سوچ سے بالاتر نکلے اور سول ہسپتال کراچی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہو گئیں۔

دو بچوں کی والدہ نجمہ کی بائیں ٹانگ میں فریکچر تھا لیکن ڈاکٹروں نے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا، نجمہ کے بھائی عاشق حسین کے مطابق آپریشن سے قبل نجمہ کی ٹانگ کا کوئی ایکسرے بھی نہیں لیا گیا اور بائیں ٹانگ کے بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر کے صحت مند ٹانگ میں راڈ ڈال دی گئی، ان کا کہنا ہے۔

کہ وہ جب دادو سے کراچی آئے تھے تو ان کی بہن کی ایک ٹانگ میں فریکچر تھا لیکن اب تو وہ چل پھر بھی نہیں سکتیں، ڈاکٹروں اور انتظامیہ کی جانب سے تعاون نہیں کیا جارہا اور نہ ہی دوسرے آپریشن کا کوئی وقت بتایا جارہا ہے، انہوں نے ارباب اختیار سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن نجمہ کا فوری آپریشن کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے سول ھسپتال کا دورہ کیا تھا اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا اس ھسپتال میں جو بھی علاج کے لئے آئے گا گندگی کے باعث مزید بیمار ہوجائے گا، انہوں نے احکامات بھی جاری کیئے تھے کہ ہسپتال کی حالت فوری درست کی جائے۔