کراچی پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا

کراچی پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کا نیاطوفان لائے گا۔ یہ بات انہوں نے نیو کراچی، گڈاپ ٹائون اور سر جانی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر علاقہ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ غریب آدمی کی قوت برداشت پہلے ہی جواب دے چکی ہے رہی سہی کسر موجودہ مہنگائی کی نئی لہر پوری کردے گی۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث اپنے جگر گوشوں کے قتل اور خودکشیوں کا رجحان انتہائی خطرناک ہے، حکمران غریبوں کے درمیان آکر دیکھیں کہ کس طرح ایک مزدور اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کاپیٹ پالتا ہے۔ اگر حکمران واقعی عوام کو ریلیف پہنچانے میں سنجیدہ ہیں تو غربت کے خاتمے کے لئے فوری ریلیف پیکیج کااعلان کریں۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی شرائط پر ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کرنے کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہونگے، قوم نے حکومت کو مینڈیٹ مہنگائی ختم کرنے کے نعرے پر دیا تھا۔

مگر ایسالگ رہاہے کہ مہنگائی ختم ہونے سے پہلے عوام ختم ہوجائیں گے۔ روز بروز پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو مشکلات اور پریشانیوں میں مبتلا کردے گا، انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف کی شرائط کبھی عوام کے مفاد میں نہیں رہیں حکومت فوری ان اداروں سے چھٹکارہ حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انتخابی منشور میں مہنگائی ختم کرنے کے وعدے پورے کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی بلکہ اس کے برعکس مہنگائی میں بدترین اضافہ ہواہے۔

دو مہینوں میں مہنگائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں عالم یہ ہے کہ متوسط طبقہ تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے جوانتہائی تشویشناک امر ہے حکومت کو اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے فیصلوںنے چند مہینوں میں ہی عوام کی کمر توڑ کو رکھ دی ہے جس کے باعث عوام میں رہی سہی کسر ختم کرنے کے لئے کافی ہے، بشارت مرزانے کہاکہ یہ وقت تجربات کا نہیں بلکہ ٹھوس اور جامع پالیسی مرتب کرنے کاہے۔

جو عوام کو ریلیف فراہم کرے جس سے عوام سکھ کاسانس لے سکیں بصورت دیگر حکومت بہت جلد اپنے مینڈیٹ سے ہاتھ دھوب یٹھے گی حکومت کوچاہیئے کہ عوام دشمن پالیسیوں کوختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور بے کس عوام کو کسی طرح تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا عوام کے حقوق کے لئے آواز بلندکرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ارشد مرزا، عبدالحمید مغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین، علی بہادرخان، غلام صابر، قاری نذیرسیفی ،سلیم نیازی ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔