کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، خصوصی ریلیف دینے کے بجائے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنا ملکی مفاد میں نہیں

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اس کو خصوصی ریلیف دینے کے بجائے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنا ملکی مفاد میں نہیں، نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 170 فیصد تک کا خطیر اضافہ کر کے عوام اور معیشت کے ساتھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے، وزیراعظم نواز شریف اس معاملے کا نوٹس لیں اور قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے احکامات صادر فرمائیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے ،بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی آئی ایم ایف کے اشارے پر کیا گیا ہے ۔بجلی سمیت دیگر اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت عوام کے صبر کا مزید متحان نہ لے ،اگر عوام کے صبر کا پیمانہ لیبریز ہوا تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گے اور جماعت اسلامی اس مسئلے پر ان کے ساتھ ہوگی ۔انھوں نے کہاکہگرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

لوڈ شیڈنگ پورے ملک کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے مگرشہر قائد میں اس کی سنگینی بڑھ جاتی ہے کیوں کہ کراچی ملک کا معاشی ، صنعتی وتجارتی حب ہے جو ملک کو 70 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، یہاں لوڈ شیڈنگ سے کاروبار و تجارت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کا اثر پورے ملک کی معیشت پر پڑرہا ہے۔