کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

Karachi Rain

Karachi Rain

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ موسمیات نے زیریں سندھ کے علاقوں تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹھہ اور مٹھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

کراچی میں بھی آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، سمندری ہوائیں بند ہیں، شمال مشرق سے گرم ہوائیں چلیں گی، شمال مشرق اور مشرق میں آج بھی بادل بن سکتے ہیں، کل کے مقابلے میں آج بارش کا امکان کم ہے، بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق گجرات میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندر کی جانب بڑھ گیا،ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں، کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، آئندہ تین روزتک موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔