کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں آج سے گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

Rain

Rain

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں آج سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق 4 جنوری سے 7 جنوری کے دوران سکھر، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، کراچی، جامشورو، میرپور خاص، دادو، بدین، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، شکار پور، تھر پارکر، قمبر شہداد کوٹ اور عمر کوٹ میں تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں بھی آج شام یا رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے شہر لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، قصور، چیچہ وطنی، کمالیہ اور حافظ آباد سمیت کئی علاقوں میں موسمِ سرما کی بارشیں جاری ہیں جس کے باعث وسطی پنجاب میں فضائی آلودگی میں کمی آگئی ہے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو ئی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے ساتویں نمبر پر آ گیا ہے جب کہ فضائی آلودگی کے لحاظ سے کراچی کا دسواں نمبر ہے۔