کراچی: ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

Karachi Timber Market

Karachi Timber Market

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں رات دو بجے کے قریب آگ لگی۔ کراچی کے پرانا حاجی کیمپ میں لکڑیوں کے ایک گودام میں رات ایک بجے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قریبی رہائشی عمارتوں میں موجود لوگوں نے بمشکل اپنی جان بجائی۔

آگ سے متاثرہ گودام کےقریب ایک عمارت میں دو بزرگ افراد کافی دیر تک محصور رہے جنہیں اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔ تنگ گلیوں کے باعث بھی فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ایسی صورت حال میں اسنکارکل بھی کارگر ثابت نہ ہوسکی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں پانی ختم ہونے کےباعث ایک موقع پر امدادی کارروائی میں تعطل بھی آیا۔

آگ لگنے کےکچھ دیر بعد علاقے کی بجلی بھی بند ہوگئی جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا رہا ۔چیف فائر آفیسر احتشام الدین نے جیو نیوز سے گفت گو میں کہاکہ ٹمبر مارکیٹ کی تنگ گلیوں اورتیز ہوا کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات ہيں لیکن آگ کو محدود کردیا گیا ہے، جلد قابو پالیں گے۔ آگ کے نتیجے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم متاثرہ گوداموں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی۔ علاقے میں لکڑیوں کے متعدد گودام ہیں، آگ پھیلتے ہی دیگر افراد نے اپنے گوداموں سے لکڑی اور دیگر سامان نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔