اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل یقینی بنائے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کا خود احترام کرنا چاہئے۔

وزیراعظم نواز شریف سے امریکی کے کانگریس کے وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اشیا کی امریکی منڈیوں تک رسائی ضروری ہے جبکہ انہوں نے داسو اور بھاشا ڈیم میں امریکی مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔

پاک بھارت تعلق سے متعلق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات کی منسوخی مایوس کن ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مذاکرات کے ذریعے ہی بہتر بنائے جا سکتے ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیریوں کو بھی ضرور حصہ دار ہونا چاہئے اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اقوام متحدہ کو بھی مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں کا خود احترام کرنا چاہئے۔