خیبر پختونخوا میں پہلی بارپانچ سابق وزرائے اعلی انتخابی میدان میں

Khyber Pakhtunkhwa

Khyber Pakhtunkhwa

پشاور(جیوڈیسک)خیبر پختونخوا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بارپانچ سابق وزرائے اعلی قومی اسمبلی کی چار اور صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر قسمت آزمائی کررہے ہیں۔گیارہ مئی کے انتخابات میں خیبر پختون خوا کے پانچ سابق وزرائے اعلی بھی جیت کی امنگ کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 چارسدہ سے قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔وہ مسلسل تیسری بار قومی اسمبلی کی یہ نشست جتینے کی کوشش کریں گے۔ 1993سے 94 تک وزارت اعلی کے منصب پر فائز رہنے والے مسلم لیگ ن کے پیر صابرشاہ پی کے 52 ہری پور سے میدان میں ہیں جہاں سے وہ ساتویں بار جیتنے کے لئے پرامید ہیں۔

1997سے 99 تک وزیر اعلی رہنے والے سردار مہتاب عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 17 ایبٹ آباد سے مسلسل چوتھی بار جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 45 سے ساتویں بار فتح کا تاج سر پر سجانے کے لئے کوشاں ہیں۔جے یو آئی کے اکرم خان درانی این اے 26 بنوں سے میدان میں ہیں۔

وہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 70پر ساتویں بار جیت کر ریکارڈ بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9 مردان سے امیر حیدر خان ہوتی انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 سے بھی قسمت ازمائی کریں گے۔