خیبر پختونخوا: تحریک انصاف اور جماعت اسلامی حکومت سازی کیلئے متفق

PTI&JI

PTI&JI

خیبر پختونخوا(جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی حکومت سازی کیلئے متفق ہوگئی ہیں تاہم حکومت بنانے کیلئے دونوں جماعتوں کو مزید اکثریت کی ضرورت ہے۔

جس کیلئے خیبر پختونخوا میں آج عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والی سیاسی جماعتوں کے اہم اجلاس طلب کرلیے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے والے پرویز خٹک کی بطور وزیراعلی خیبر پختونخوا نامزدگی کے حوالے سے آج تحریک انصاف صوبے کی مختلف سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی۔

اس سلسلے میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام طلب کیا گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی ،جمیعت علما اسلام اور قومی وطن پارٹی کے اجلاس بھی آج ہونگے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے صوبائی صدر اسد قیصر نے قومی وطن پارٹی اور عوامی جمہوری اتحاد کی قیادت جبکہ جے یوآئی نے مسلم لیگ ن اور آزاد اراکین سے رابطے شروع کردیے ہیں ۔ آج ہونے والے اجلاسوں میں حکومت سازی کیلئے اہم فیصلے متوقع ہیں.