لاہور میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی، واپڈا کا دعوی

Lahore Load Shading

Lahore Load Shading

لاہور (جیوڈیسک) گرمی کے ستائے عوام کو واپڈا نے ایک مرتبہ پھر لوڈشیڈنگ میں کمی کی خوشخبری سنائی ہے، لاہور میں بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے لیکن دوسری جانب گدو تھرمل پاور پلانٹ کے پانچ یونٹ بند ہونے سے ایک ہزار اڑسٹھ میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔

وزارت پانی وبجلی نے دعوی کیا ہے کہ آج سے بجلی کی پیداوار میں سترہ سو میگاواٹ اضافہ ہو جائے گا جس سے لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گی۔ وزارت پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ مختلف پاور پلانٹس کو فیول کی سپلائی جاری ہے۔ اس وقت بجلی کی پیداوار دس ہزار چھ سو اور طلب پندرہ ہزار آٹھ سو میگاواٹ ہے۔

شارٹ فال چون سو میگاواٹ رہ گیا ہے۔ لیسکو نے لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ لاہور میں بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی اور ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند رہے گی۔

دوسری طرف گدو تھرمل پاور کے تیرہ میں سے پانچ یونٹ بند ہونے سے ایک ہزار اڑسٹھ میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے اور آٹھ یونٹ سے صرف چھ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے نگران وزیر پانی وبجلی نے بھی دو روز پہلے لوڈشیڈنگ میں کمی کا وعدہ کیا تھا جو ایفا نہ ہو سکا۔