لاہور دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تصویر سامنے آگئی

Lahore Blast

Lahore Blast

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کی تصویر سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تصویر سکیورٹی اداروں نے بابو صابو ناکے پر سیف سٹی کیمروں سے حاصل کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد لانے والی ممکنہ گاڑی براستہ موٹر وے لاہور میں داخل ہوئی، گاڑی کو جب چیک کیا گیا تو اس میں بارودی مواد نہیں تھا، گاڑی میں بارودی مواد کس مقام سے رکھا گیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی 2010 میں ڈکیتی میں چھینی گئی تھی، گاڑی چھینے جانے کی واردات کا مقدمہ گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ میں درج ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں حافظ سعید کے گھر کے قریب بارود سے بھری گاڑی میں دھماکا ہوا تھا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی ہے۔