لاہور بادامی باغ سانحے کی شدید مذمت ، صوبائی حکومت اور انتظامیہ مکمل بے بس

لاہور : بادامی باغ میں مسیحی برادری کیساتھ ہونے والے سانحے کے بارے میں آستانہ عالیہ لاثانی سرکار فیصل آباد میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان، بین المذاہب امن اتحاد پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن(رجسٹرڈ)انٹرنیشنل کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کو آرڈینٹر تنظیم مشائخ عظام پاکستان محمد ریحان نقشبندی نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین سیاسی و معاشی بحرانوں کا شکار ہے۔

ناقص حکومتی پالیسیوں نے کرپشن ،مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اوردہشتگردی کے ذریعے اسے کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے ، غریب عوام کی جان و مال کا تحفظ نہیں رہا۔اقلیتوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے ۔آپ نے کہا کہ اگرچہ تحفظ ناموس مصطفےٰ صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کی خاطر ہماری جانیں بھی حاظر ہیں، مگر فرد واحد کی سزا کے طور پر پوری مسیحی برادری کی جان و مال کا نقصان انتہا ئی افسو سناک ہے۔ اسلام میں اس قسم کے غلط اور دہشت گردانہ اقدامات کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

پیر محمد ناصر علی گل صاحب نے کہا کہ ہم مسیحی برادری کیسا تھ ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں ، اس سانحے سے صوبائی حکومت اور ا نتظامیہ کی نااہلی ثابت ہو چکی ہے ۔صوبائی حکومت امن بحال کرنے اور فرقہ واریت کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں کی جان ومال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔مگر حکومت اپنے سیاسی اقتدار کو بچانے میں لگی ہوئی ہے اور اسے مسالک و مذاہب کی جان ومال کا تحفظ ہی بھول گیا ہے۔

دودن پہلے کے واقعے کیخلاف ایکشن فوری کیوں نہیں لیا گیا ۔اور اگر انتظامیہ کے علم میں سب کچھ پہلے ہی تھا تو اس مسئلے کو ڈھیلا کیوں چھوڑا گیا۔حکومتی نام نہاد امن کمیٹیاں کہاں تھیں،صوبائی حکومت کہا ں تھی۔ محمد رفاقت علی مرکز ی کو آرڈینٹر بین المذاہب امن اتحاد پاکستان نے کہا کہ اگر ایک شخص کا جرم مکمل تحقیق کے بعد ثابت ہے تو اسکے خلاف فوری قانونی کاروائی ہونی چاہیے تھی۔

رانا محمد احسان خاں ایگزیکٹو ممبر لاثانی ویلفیئر فائو نڈیشن نے کہا کہ سو سے زائد مسیحی آبادی والے گھروں کو جلا دیا جانا قا بل مذمت اور انتہا ئی افسوسناک ہے۔حکومت فی الفور ہنگامہ آرائی میں ملوث شرپسند عناصر کیخلاف قانونی کاروائی کرے۔بین المذاہب امن اتحاد پاکستان اور تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن(رجسٹرڈ)انٹریشنل اس دل سوز واقعے کی پر زور مذمت کرتی ہے۔