لاہور کا سرد موسم کبڈی ورلڈکپ میں رکاوٹ بن گیا

Kabaddi World Cup

Kabaddi World Cup

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کا سرد موسم کبڈی ورلڈکپ میں رکاوٹ بن گیا اور شیڈول میں ردوبدل کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ ایک دو دن میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹر ادارے نے 12 جنوری سے شروع ہونے والے کبڈی ورلڈکپ کی تاریخوں میں تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔ جس پر پاکستان کبڈی فیڈریشن حکام نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ کبڈی کے اس عالمی میں بھارت سمیت دس غیر ملکی ٹیموں کی شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔

براڈ کاسٹ کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں لوگ زیادہ تعداد میں ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے نہیں آئیں گے، مناسب ہوگا کہ چند دن بعد اس ایونٹ کا آغاز کیا جائے۔
دوسری جانب فیڈریشن حکام پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی یہ ایونٹ کرانے کے حق میں ہیں، منتظمین کا موقف ہے کہ بھارت سمیت تمام ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کر رکھی ہے۔ ایسے میں شیڈول تبدیلی سے ایونٹ متاثر ہو سکتا ہے۔