لاہور: سرد موسم میں پی ڈی ایم سیاسی درجہ حرارت گرمانے کیلیے تیار

PDM

PDM

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پاور شو کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، گراؤنڈ میں سیاسی جماعتوں کے پرچم اور ساؤنڈ سسٹم بھی پہنچا دیے گئے ہیں۔

جلسہ گاہ میں نئے اور بڑے اسٹیج کی تیاری کا عمل جاری ہے، قائدین کے لیے 5 کنٹینرز پر مشتمل اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے۔

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم جلسےکے لیے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

جلسہ گاہ میں علی الصبح دھند کا راج رہا اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ جلسے کے لیے کارکنوں کو دوپہر دو بجے کا وقت دیا گیا ہے لیکن دھند اور سردی کے باوجود سیاسی جماعتوں کے کارکن صبح صبح ہی جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

رات گئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے علیحدہ علیحدہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں نے جلسے کی راہ میں حکومت کا ہر ہتھکنڈا ناکام بنا دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امپائر کی انگلی پر نہیں عوام کی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

میڈیا سےگفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کارکن تمام رکاؤٹیں توڑ کر جلسہ گاہ آئیں گے، حکمرانوں کو اب این آر او نہیں ملےگا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جاتی عمرہ سے ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچیں گی جب کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بلاول ہاؤس سے خصوصی طور پر تیار ٹرک کے ذریعے جلسہ گاہ آئیں گے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ آئیں گے، دیگر قائدین بھی ریلیوں کی شکل میں مینار پاکستان پہنچیں گے۔