لاہور ہائیکورٹ بار میں استقلال پارٹی کے 21ویں یوم تاسیس کی تقریب

Istaqlal Party

Istaqlal Party

لاہور (سٹاف رپورٹر) استقلال پارٹی کے21ویں یوم تاسیس کی تقریب لاہور ہائیکورٹ بار میں ہوئی جس میں پارٹی عہدیداروںاور کارکنوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے بانی چیئرمین سید منظور علی گیلانی نے کہا کہ کبھی بھی مفادات کی سیاست نہیں کی اور عوام کے حق حاکمیت کے لیے جدوجہد کرتے گزری جس کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں میری سیاست کے 55سالوں میں مفاہمت کی سیاست شامل نہیں رہی ملک کے سیاسی نظام میں بنیادی تبدیلیاں کی جانی چاہیے پارلیمانی نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اس لیے ملک کا سیاسی ڈھانچہ تبدیل ہونا چاہیے صدر اور گورنرز کا انتخاب براہ راست کیا جائے اور انکی مدت پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سمیت پانچ سال کی بجائے چار سال ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ حلقہ سسٹم کی بجائے متناسب نمائندگی کا نظام لانا ہوگا جس میں افراد کی بجائے پارٹیوں کو ووٹ پڑتے ہیں اور اسی تناسب سے دی گئی لسٹ میں سے ارکان منتخب ہوتے ہیں1958کے مارشل لاء کے بعد کبھی بھی ملک میں جمہوریت نہیں رہی جن لوگوں نے ایوب خان،یحیی خان،ضیاء الحق اور پرویز مشرف کا ساتھ دیاسب قوم کے مجرم ہیں ہم کسی صورت بھی سیاسی نظام کے خاتمہ کے خلاف ہیں لیکن ہم کو عوام کے حق حاکمیت کی جنگ لڑ کر جیتنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی عوام کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی اور بہت جلد کشمیر بنے گا پاکستان جبکہ کسی کو بھی کشمیر کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

اے این پی کے سابق صدر احسان وائیں نے کہا کہ سید منظور گیلانی کا طویل سیاسی سفر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کے دل میں عوام کا حقیقی درد ہے انہیں ماضی میں بہت سے فوائد کی آفرز کی گئی مگر انہوں نے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی یہی وجہ ہے کہ آج سیاست کے میدان میں انہیں عزت واحترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔متحدہ جمیعت علما پاکستان کے سربراہ علامہ غلام شبیر قادری نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے مگر مفادات کی سیاست نے ملک کو تباہ برباد کردیا اگر ایسے ماحول میں سید منظور علی گیلانی کی طرح سیاسی درویش نہ ہوتے تو رہی سہی کسر بھی پوری ہوچکی ہوتی آج کا پاکستان ایسے ہی ساستدانوں کی بدولت بچا ہوا ہے۔ شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ پیر نوبہار شاہ نے کہا کہ سید منظور گیلانی عوام کے حقیقی رہنما اور نمائندے ہیں انکی سوچ پاکستان اور عوام کی ترقی کے گرد گھومتی ہے اور میں اس بات کا شاہد ہوں آمریت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے یہی وجہ ہے کہ آج ہم پاکستان سے آمریت کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری راجہ ذوالقرنین نے استقلال پارٹی کے 21سال مکمل ہونے پر سید منظور گیلانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے اس وقت ہمارے درمیان سید منظور علی گیلانی جیسے سیاسی درویش موجود ہیں جنکی رہنمائی میں ہم پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے عروج تک لے جاسکتے ہیں۔سنیئر قانون دان عبدالرشید قریشی نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا وہ پورا نہیں ہوا ہم منظور گیلانی کے ساتھ تکمیل پاکستان کے مشن میں شامل ہیں ۔تقریب سے پاکستان اتحاد پارٹی کے چیئرمین مرزا آصف ،صدر سول سوسائٹی عبداللہ ملک،خاکسار تحریک کے ڈاکٹر نور شجرہ،سلمان کھوکھر،اظہر صدیق ،ووٹر فرنٹ کے چیئرمین جاوید تنویر ،آغا ناصراور زاہد بھائی نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض وسیم چیچی ادا کیے تلاوت کلام پاک قاری محمد اکرم اظہری اور محمد شریف رانا نے نعت رسول مقبول پیش کی تقریب کے آخر میں شرکاء نے کیک بھی کاٹا۔