لاہور کی خبریں 03.08.2013

لاہور سمیت آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
لاہور: اسلام آباد،ہری پور، ایبٹ آباد،لاہور سمیت آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے نے گزشتہ رات پھر ملک کے مختلف شہروں کو ہلا کر رکھ دیا،لوگ سحری کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ دو بجکر سینتیس منٹ پر جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر لوگ فوری طور پر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ ، ایبٹ آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں سمیت آزاد کشمیر میں بھی محسوس کئے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز اسلام آباد سے119 کلو میٹر دور مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کا علاقہ ہے جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جمعہ کی صبح بھی ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہورسمیت مختلف شہروں میں سی این جی سٹیشن پانچ اگست تک کھلے رہیں گے
لاہور(پی پی سی)زون ون میں 2 دن کے لیے سی این جی سٹیشنز اور 3 دن کے لیے صنعتی اداروں کو گیس فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ زون ون میں لاہور،ملتان،شیخوپورہ ،ساہیوال ،گوجرانوالہ اور گجرات میں سی سی این جی سٹیشنز سے 5 اگست کی صبح 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔لاہور، ساہیوال اور شیخوپورہ کے صنعتی اداروں کو بھی گیس کی سپلائی تین دن جاری رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب چیئرمین کو ہٹانے کا اختیار صرف منتخب ہائوس کے پاس ہونا چاہئیے ،سردار وقاص حسن موکل کی تجاویز پر گفتگو
لاہور (پی پی سی)ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے لوکل گورنمنٹ بل کے حوالے سے قائم سپیشل کمیٹی کے لیے مزید نئی تجاویز تیار کی ہیں تجاویز گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تیار کی گئیں تجاویز میں سیٹیزن کمیونٹی بورڈ ز کی تشکیل، ضلع کے ترقیاتی بجٹ کا 100 فیصد ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ذریعے استعمال، یونین کونسل کی سطح پر خواتین کونسلرز کے بالواسطہ انتخا ب کی تعداد ایک کی بجائے دو کرنا ، چیئرمین کو معطل یا برطرف کرنے کے حوالے سے اختیار صوبہ کے چیف ایگزیکٹو کی بجائے منتخب ہائوس کو دینے سمیت ضلع کے منتخب چیئرمین کو ضلع کا انتظامی سربراہ بنانے کی تجاویزشامل ہیں ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کمٹمنٹ دی ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے آنے والی تجاویز پر سنجیدہ غور کیا جائے گا اسی یقین دہانی پر مزید تجاویز دے رہے ہیں ، انہوں نے کہ ماضی میں سیٹیزن کمیونٹی بورڈز کے ذریعے عوام کو مقامی سطح پر ترقیاتی عمل میں شامل کیے جانے کا تجربہ کامیاب رہا ،اس سے استفادہ کیا جانا چاہئیے، انہوںنے کہا کہ منتخب چیئرمین کو کسی ملازم کی طرح معطل کرناعوام کے ووٹ کی توہین ہو گی ، اس ضمن میں فیصلے کا اختیار منتخب ہائوس کے اکثریتی ارکان کے پاس ہونا چاہئیے، انہوں نے کہا کہ ضلع کا انتظامی سربراہ چیئرمین کو ہونا چاہئیے پھر ہی ضلعی سطح پر مہنگائی کنٹرول کرنے، ذخیرہ اندوزی کے سدباب، لاء اینڈ آرڈر میں بہتری ، گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی سمیت ترقیاتی امور اور عوامی مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے اجلاس میں احمد شاہ کھگہ، سردار آصف نکئی، ڈاکٹر محمد افضل، باسمہ ریاض چوہدری نے شرکت کی، اراکین اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنی مٹھی کھولیں اور اختیارات نچلی سطح پر تقسیم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان جمہوری اتحاد کا توہین عدالت کیس میں عمران خان سے اظہار یکجہتی
لاہور(پی پی سی) پاکستان جمہوری اتحاد نے توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا ہے، پی جے آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل رانا عاطف حمیدنے زیرو پوائنٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکی جماعت عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر مرحلے پر انکا مکمل ساتھ دیا جائیگا،انہوں نے کہا پی جے آئی جمہوریت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور ملک میں کوئی بھی مقدس گائے نہیں،آئین ، قانون اور اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے تنقید ہر لیڈر کا جمہوری حق ہے،انہوں نے کہاجمہوریت پر یقین رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں نے عدلیہ کی آزادی کیلئے بے پناہ جدوجہد کی ،اعلیٰ عدلیہ کو ضبط وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئیے،رانا عاطف حمید نے مزید کہا عمران خان نے توہین عدالت کیس میں جو دوٹوک مؤقف اختیار کیا پی جے آئی اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔