لاہور کی خبریں 05.07.2013

سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ ملک کواقتصادی لحاظ سے مضبوط بنانا

لاہور ( جی پی آئی) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ ملک کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنانا اور دوبارہ ترقی کی راہ پرگامزن کرنا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی بحران کاخاتمہ اورتباہ حال معیشت کی بحالی سب سے بڑاچیلنج اورتمام بحرانوں کی اصل وجہ ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ مسائل کامحض وقتی حل نکالاجائے اوران بحرانوں کوآئندہ حکومتوں اورنسلوں تک منتقل کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کادورہ چین توانائی بحران کے خاتمے اورمتبادل ذرائع سے سستی بجلی کے حصول میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جولوگ آئی ایم ایف سے قرض لینے پروا ویلا مچا رہے ہیں خودانہوں نے اپنے پانچ سالہ دور میں عالمی مالیاتی اداروں سے 65سالوں کے مجموعی قرضوں کے برابر قرض لیا اور روزانہ اربو ں روپے کے نوٹ چھاپ کر معیشت چلائی۔ مشاہداللہ خان نے کہاکہ ہم ذاتی تجوریاں بھرنے اور غیرپیداواری اخراجات کو پورا کرنے کے لئے قرض نہیں لے رہے بلکہ سابقہ حکومتوں کے جمع کئے گئے قرضوں کے بوجھ کو ختم کرنے کے لئے آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پرمذاکرات کئے ۔انہوں نے کہاکہ قرض میں برائی صرف اس وقت ہے جب واپس کرنے کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہ کی گئی ہو۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ ہمارے پاس قرضوں کے استعمال اوران کی واپسی کا مکمل روڈمیپ موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت تمام مالی معاملات میں شفافیت اختیار کر رہی ہے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ ہم نے انتظامی اخراجات میں 30سے 45فیصد کمی لا کر ایک مثال قائم کی ہے ،ہم نے قومی خزانے پرکوئی بوجھ نہ ڈالنے کاعزم کر رکھا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چین کے وزیراعظم لی کی کوینگ (Li Keqiang)نے پنجاب میں گڈگورننس اور عوامی بہبود کے منصوبوں کی تعریف کی ہے
لاہور ( جی پی آئی) چین کے وزیراعظم لی کی کوینگ (Li Keqiang)نے پنجاب میں گڈگورننس اور عوامی بہبود کے منصوبوں کی تعریف کی ہے۔ آج بیجنگ میں پاکستانی وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ قابل قدر ترقی کر رہا ہے اور تعلیم اور انفراسٹرکٹچر کے شعبوں میں پنجاب کی ترقی پاکستان کے دوسرے صوبوں کے لئے لائق تقلید ہے۔ چینی وزیراعظم نے اس موقع پر حکومت پنجاب کو فنی تعاون اور انتہائی نرم شرائط پر سرمایہ فراہم کرنے کی پیش کش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بہترین دوست ہے اور ہمارے لئے اس سے زیادہ خوشی کی بات کیا ہو گی کہ ہم پاکستان کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں ان کا ہاتھ بٹا سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی تبا ہی
لاہور( جی پی آئی) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی تبا ہی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ ہی کا فی ہے اور (ن) لیگ جلد ، پیپلزپارٹی، بن جا ئیگی، حکمرانوں کے کشکول کا سائزوزیر اعظم ہا ئوس سے جاتی عمرہ تک پہنچ چکا ہے ، بجلی کی لو ڈشیڈ نگ کے خاتمے کیلئے حکمرانوں کو ئی سنجیدہ فیصلہ نہیں کیا صرف باتیں کی جا رہی ہے جسکی وجہ سے لو ڈشیڈ نگ میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے، ر مضان میں مہنگائی کو روکنے کیلئے حکو مت ہنگامی اقدامات کر یں ۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد آصف نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار جس طر ح دن رات غر یب عوام ہر مہنگائی کے بم بر سانے میں مصروف ہے اس سے یہ بات یقینی ہے کہ وزیر خزانہ ہی حکو مت کی تباہی کیلئے کا فی ہے انکو کسی صورت دشمن یا مخالف کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اقتدار میں آنے سے پہلے کشکول توڑنے کے دعویٰ کرتی رہی لیکن اب ان کے کشکول کا سائز ئزوزیر اعظم ہا ئوس سے جاتی عمرہ تک پہنچ چکا ہے حکمران کشکول اُٹھائے دنیا میں گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال رمضان المبارک میں مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہنگائی کے اس اضافے کو روکنے کیلئے دو ٹوک اقدامات کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک و قوم کی تقدید بدل دے گی ۔۔۔ملک احسان گنجیال
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی پاکستان ملک احسان گنجیال نے کہا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہو نے کے بعد پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو چکا ہے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں حکومت ملک و قوم کی تقدید بدل دے گی غربت بیروگاری اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ٹیم پوری طرح عمل پیرا ہے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قومی پالیسی ملک کو لوڈشیڈنگ سے مستقل نجات دلانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو گی وزیر اعظم میاں نوازشریف اور وزیر اعلی میاں شہباز شریف کی سیاست کا محور و مرکز عوام کی خدمت ہے وہ پاکستان کی معاشی طور پر مستحکم بنانا چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار پی پی 153 چونگی امر سدھو میں مسلم لیگی رہنما ، محمد سلیم رضا کی رہائش گاہ میں مسلم لیگی کارکنوں و تاجر رہنمائوں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے لیگی رہنما صدر انجمن تاجران ڈاکٹر ندیم اشرف ڈاکٹر گجراتی ،ڈاکٹر ارشد میو ، فریاد گجرنے بھی خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ مسلم لیگ ن منزل، معاشی ترقی، بین الاقوامی تعلقات میں بہتری اورسرمایہ کاروں کوسازگارماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔غیرملکی سیاحوں پرحملہ پاکستان کوعالمی سطح پر تنہاکرنے کی سازش ہے۔ملک اس وقت مختلف قسم کے ملکی وبین الاقوامی مسائل میں گھرا ہے لیکن پاکستان کی موجودہ قیادت کو نہ صرف ان مسائل کا پوری طرح ادراک ہے بلکہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عسکریت پسندی کے خاتمے اور ملکی خود مختاری کے تحفظ کے لیے آل پارٹیز کا نفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، پروفیسر ساجد میر
لاہور ( جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاکیلئے پرامن ماحول چاہتا ہے تو اسے ڈرون حملے بند کرنا ہونگے۔ امریکی پالیسی پاکستان کیلئے نہایت خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ امریکہ پاکستان کے احتجاج کی کوئی اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں اور وہ جب چاہے جہاں چاہے حملہ کررہا ہے۔جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 جولائی کو منعقدہ عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے آل پارٹیز کا نفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ عسکریت پسندی کے خاتمے اور ملکی خود مختاری کے تحفظ کے لیے قومی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ۔ احتجاج کے باوجود ڈرون حملوں کا جاری رہنا حکومت اور اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں سے جہاں قبائلیوں میں اشتعال بڑھ رہا ہے وہاں ملکی سا لمیت اور خود مختاری بھی مجروح ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ڈرون حملوں کے باعث دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر طالبان سے مذاکرات کا سلسلہ کیا بھی شروع کیا جائے جہاںعوام پہلے ہی ان حملوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور آئے روز انکے ردعمل میں دھماکے اور خودکش حملے ہوتے ہیں۔ ایک طرف خود امریکہ تو طالبان سے مسئلہ افغانستان کے حل کیلئے مذاکرات کر رہا اور افغانستان سے اپنی فوجیں واپس نکال رہا ہے دوسری طرف پاکستان میں ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے جسے عالمی تنظیمیںپاکستان کی خود مختاری کیخلاف قرار دے چکی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید محبوب رضوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر
لاہور(جی پی آئی) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید محبوب رضوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی کے نالہ لئی کے گردو جوار میں قبضہ مافیا اور غیرقانونی طورپر رہائش پذیر مکینوں کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات صادر کئے
ہیں، ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات بھی عمل میں لائے جائیں گے جو حکومتی احکامات پر عمل کرنے میں حیل و حجت کا مظاہرہ کریں گےـانہوں نے کہا کہ نالہ لئی کی صفائی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلاب و طغیانی سے محفوظ رہا جاسکےـ انہوں نے آج نالہ لئی بارے کئے جانے والے اقدامات پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ضلعی انتظامیہ مستقل اور ہنگامی بنیادوں پر عملہ تعینات کرے جو نالہ لئی میں پانی کی آمد اور بہاؤ بارے باقاعدگی سے انتظامیہ کو مطلع کرتا رہےـ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کے راستے میں مختلف سائٹس پر بھی ضلعی انتظامیہ مانیٹرنگ کرے تاکہ کسی بھی صورتحال سے قبل ازوقت نمٹا جاسکےـ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی اور اس کے بہاؤ کے راستوں میں مختلف مقامات پر انتظامیہ نے ریت کے توڑے، پتھراور مٹی کا ذخیرہ وافر مقدار میں جمع کرنا شروع کردیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ بھی بنا دیئے گئے ہیں جہاں ادویات ، کھانے پینے کی اشیاء و دیگر اشیائے ضروریہ کا سٹاک ذخیرہ کرلیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیر آئی ایم ایف کے بغیر30 دن نہ گزار سکا ، سینیٹر کامل آغا
لاہور ( جی پی آئی)ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ شیر آئی ایم ایف کے بغیر30دن بھی نہ گزار سکا، حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کیلئے سبسڈی ختم اور بجلی، گیس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں30فیصد اضافہ کرنے کی شرط قبول کرلی ہے ، اصل قیامت تو عوام پر اب ٹوٹے گی۔گزشتہ روز انہوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر ان کی سنہری ٹائی کے بڑے چرچے ہورہے ہیں حالانکہ کشکول اور سنہری ٹائی کا کیا”کمبی نیشن “؟ مقروض ملک کے حکمرانوں کو کم از کم اپنا حلیہ تو درست رکھنا چاہیے۔ موجودہ حکومت قومی ادارے ٹھیک کرنے کا مینڈیٹ لے کر آئی اب آئی ایم ایف کے حکم پر انہیں بیچنے کی منصوبہ بندیاں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی،340ارب روپے کن کمپنیوں کو دیئے گئے؟ بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان آیا عوام ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا رمضان گزاریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی عوام دشمن شرائط تسلیم کرنے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
لاہور ( جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی عوام دشمن شرائط تسلیم کرنے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کی منظوری لئے بغیر آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے آئی ایم ایف نے جو شرائط منوائی ہیں وہ عوام کو مزید پریشانیوں میں ڈال دیں گی۔ حکومت اپنی شاہ خرچیوں کیلئے عوام کی زندگیاں مشکل بنا رہی ہے۔ آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر کا نیا قرض لینے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک کر ذلت اور رسوائی کے معاہدے کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ورلڈ بنک، آئی ایم ایف سے قرضوں کے جو بھی معاہدے کرے انہیں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک جماعت نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہے اور اس سوچ کو کوئی ختم نہیں کر سکتا
لاہور ( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک جماعت نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہے اور اس سوچ کو کوئی ختم نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے اس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز
پارٹی ایک بار پھر بڑی طاقت بن کر ابھرے گی۔ پارٹی کے ناراض کارکنوں کو منا کر پارٹی دوبارہ فعال بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ 05 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس روز ایک آمر نے جمہوریت پر شب خون مار کر پیپلز پارٹی کو ایک عظیم قائد سے محروم کر دیا اس دن کو پیپلز پارٹی ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر مناتی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر عزم ہے
لاہور ( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پر عزم ہے، میاں محمد نوازشریف کا چین کی طرف قدم بڑھانا عوام کے مسائل حل کرنے پر سنجیدگی کا مظہر ہے چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی راہداری کے قیام سے پاکستان میں معاشی انقلاب آئے گا۔ کراچی، گوادر کو چین سے ملانے کے لئے سڑک اور ریلوے کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے یادگار کارناموں میں شمار کئے جائیں گے، پاکستان کی حکومت چین کی معاشی ترقی کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت معیشت کی بحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمان محکمہ خوراک پنجاب نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر خوراک پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان رمضان پیکج کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ کریں گے
لاہو(جی پی آئی )ترجمان محکمہ خوراک پنجاب نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر خوراک پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان رمضان پیکج کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں پنجاب کے تمام اضلاع کے رمضان بازاروں میں سستے آٹے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مزید براں کیپٹن (ر) محمدعثمان سیلاب کے حوالے سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں محکمہ خوراک کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیں گے۔ وہ اپنے دورے کی ابتداء ڈی جی خان ڈویژن سے کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سویڈن کی کمپنیوں کو پاکستان میں موافق کاروباری ماحول فراہم کیا گیا ہے: سویڈش سفیر
لاہو(جی پی آئی) پاکستان میں سویڈن کے سفیر مسٹر لارس ہجلمر وائیڈ نے کہا ہے کہ جبکہ پاکستان میں کاروبار کرنے والی سویڈش کمپنیوں کو یہاں موافق کاروباری ماحول فراہم کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی صنعتکار اور سویڈن کی کمپنیاں مل کر سرگرمی سے کام کر رہی ہیںـ وہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر انویسٹمنٹ بورڈ جاوید اکبر اور دیگر حکام سے گفتگو کر رہے تھے ـ چیف ایگزیکٹو آفیسر انویسٹمنٹ بورڈ پنجاب جاوید اکبر نے سویڈن کے سفیر کو پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اور اس ضمن میں انویسٹمنٹ بورڈ کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پنجاب میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو موافق ماحول اور بھر پور مراعات فراہم کر رہی ہے ـ انہوں نے کہا کہ انویسٹمنٹ بورڈ پنجاب ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان کے پراجیکٹس کے آغاز کے لئے مکمل رہنمائی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہےـسویڈش سفیر نے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کاوشوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے مزید موافق ماحول پیدا ہوا پیدا ہو گا اور یہاں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گاـاس موقع پر سویڈن کی تجارتی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کامیاب مذاکرات،چینی کمپنی نندی پورپاورپراجیکٹ پر دوبارہ کام کرنے پر رضامند
لاہو(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف چین کی ڈؤنگ فونگ الیکٹرک سٹی کمپنی کو نندی پور پاور پراجیکٹ پر دوبارہ کام کرنے پر رضا مند کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف اور چین کی ڈئونگ فونگ الیکٹرک سٹی کمپنی کے چیئرمین مسٹر سی زی فو(Si Zefu) اور دیگر عہدیداران کے مابین بیجنگ میں طویل ملاقات ہوئی جس میں ڈئونگ فونگ الیکٹرک سٹی کمپنی نے نندی پور پاورپراجیکٹ پر دوبارہ کام شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔چینی کمپنی نے بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ طویل ملاقات کے بعد آئندہ سوموار کو اپنے انجینئرز کو پاکستان پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ سے 450میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔پیپلزپارٹی کی حکومت کی طرف سے پراجیکٹ کو غیرمعمولی تاخیر کا شکار کرنے پر چینی ماہرین واپس چلے گئے تھے اورکراچی پورٹ پر کروڑوں روپے کی مشینری ضائع ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف پراجیکٹ کی تباہی پر سابقہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔چیئرمین ڈؤنگ فونگ الیکٹرک سٹی کمپنی مسٹر سی زی فو نے کہاکہ میں نے جولائی2011 ء میں صدر زرداری سے ملاقات کرکے کہہ دیا تھا کہ پراجیکٹ میں تاخیر کرکے زیادتی کی جارہی ہے جس سے دونوں اطراف کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے چینی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت کوآپ پوری طرح شفاف اور پرعزم پائیں گے۔بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مشکلات عارضی ہیں، بہت جلدان پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان میںچینی سرمایہ کاروں کی میزبانی وہ خود کریں گے۔انہوںنے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ انفراسٹرکچر اور انرجی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موواوور کے ذریعے اگلے گریڈ میںآخری درجے تک پہنچ جانے والے تمام ملازمین کو بھی اضافی ترقی دینے کا حکم
لاہور(جی پی آئی)محتسب پنجاب جاوید محمودنے حکم دیا ہے کہ یکم دسمبر 2001سے پہلے موواوور کے ذریعے اگلے گریڈ میںآخری درجے تک پہنچ جانے والے ایسے تمام ملازمین کو بھی اضافی ترقی دی جائے جوبعد ازاںاگلے گریڈ کی پوسٹ پر معمول کے مطابق ترقی پا چکے تھے ۔محتسب پنجاب نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ تما م ضلعی افسران کو اس حکم سے آگاہ کریں اور اس نوعیت کے تمام کیسز میں ملازمین کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔محتسب پنجاب نے یہ حکم گورنمنٹ لیاقت ہائی سکول شیخوپورہ کے سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ صفدر علی کی درخواست پر جاری کیا ہے ۔درخواست گذار کے مطابق اسے ایلمنٹری سکول ٹیچر سے گریڈ 16میں بطور ایس ایس ٹی موواوور دیا گیا اور2001میں جب موواوور ختم کیا گیا تو وہ گریڈ16کی آخری سٹیج پر تھے ۔اگرموواوور ختم نہ کیا جاتا تواگلے سال ان کی گریڈ 17میں ترقی یقینی تھی لیکن ان کی پرمووشن موواوور ختم ہونے کی وجہ سے رک گئی اورگریڈ16کی آخری سٹیج پر ہونے کی وجہ سے انہیں سالانہ ترقی بھی نہیں دی گئی جبکہ قواعد کے مطابق سالانہ ترقی ہر سرکاری ملازم کا حق ہے۔محتسب پنجاب نے ایڈوائزر اکاؤنٹس وزیراحمد قریشی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی جنہوں نے محکمہ خزانہ سے جواب طلب کیا ۔محکمہ خزانہ کے مطابق درخواست گذار کو سالانہ ترقی کا حقدارقرار نہیںدیا جا سکتا لیکن محتسب پنجاب نے محکمہ خزانہ کے موقف سے اتفاق نہیں کیا اورکہا کہ سالانہ ترقی ہر سرکاری ملازم کا مسلمہ حق ہے اور اس ضمن میں حکومت پنجاب990 1باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرکے تما م محکموں کو مطلع بھی کرچکی ہے۔محتسب پنجاب نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر شیخوپورہ کو حکم دیا ہے کہ ایس ایس ٹی صفدر علی کو 2001سے سالانہ ترقی دے کر ازسرنو پے سلپ جاری کرے اوراس کے اب تک کے واجبات اداکرکے ایک ماہ کے اندر محتسب آفس کو رپورٹ پیش کرے۔ محتسب پنجاب نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجا ب کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ محتسب پنجاب کے اس حکم سے تمام ضلعی اکاؤنٹس افسران کومطلع کرے اور اس نوعیت کے کیسز میں تمام ملازمین کو اس حکم کی روشنی میں ریلیف دیاجائے چاہے اس معاملے پر کوئی ملازم محتسب آفس سے رجوع کرے یا نہ کرے۔