لاہور : وزیراعظم اور آرمی چیف کا کراچی آپریشن پر غور

Nawaz Sharif Army Chief

Nawaz Sharif Army Chief

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے فوری طور پرملک بھر میں غیر قانونی سمز بند کرنے کا حکم دیا ہے، رائیونڈ میں اعلی سطح کے اجلاس میں انہوں نے انسداد دہشت گردی کے قوانین میں ترامیم کی بھی ہدایات جاری کیں رائے ونڈ میں وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلی پنجا شہباز شریف کے علاوہ آئی ایس آئی، آئی بی اور رینجرز کے ڈائرکٹر جنرل بھی شریک ہوئے۔

ڈی جی رینجرز نے کراچی کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی ، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی سے متعلق حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے فوری طور پر غیر قانونی سمز بند کرنے کی ہدایت کر دی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہاکہ اعلی عدلیہ کی گائیڈلائن کے مطابق انسداد دہشت گردی کے قانون میں ترمیم کی جائے۔

اس کے علاوہ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا 9 ستمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے امور سے متعلق بات چیت تھی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں پارلیمانی جماعتوں کی لگ بھگ ساری قیادت شرکت کرے گی جہاں دہشت گردی کے معاملے اور طالبان سے مذاکرات جیسے امور میں کسی نہ کسی فیصلے پر پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔