لاہور : طوفانی بارش سے نظام زندگی چند گھنٹوں کے لئے درہم برہم

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اس وقت بھی شہر کے مختلف حصوں میں تیز بارش ہو رہی ہے۔ کماہاں روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد ہلاک 4 زخمی ہو گئے۔ لاہور میں توباران رحمت کی دعائیں ایسے قبول ہوئیں کہ چند گھنٹوں کے لئے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ بارش کا آغاز تند وتیز ہواں سے ہوا۔ درخت اکھڑگئے۔

شاخیں ٹوٹ کر راستوں کی رکاوٹ بن گئیں، سائن بورڈ بھی اڑ گئے۔ پھر گرج چمک کے ساتھ بادل ایسے برسے کہ الامان، چند منٹوں میں سب کچھ جل تھل ہو گیا۔ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکوں پر ایک سے تین فٹ تک پانی بہنے لگا۔ موسلا دھار بارش نے ٹریفک کی روانی نا ممکن بنا دی، بیشتر گاڑیوں کے انجن بند ہو گئے۔

جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی نظر آئیں۔ دفاتر اور گھروں میں جو لوگ جہاں پھنس گئے، وہ بارش رکنے تک وہیں انتظار کرتے رہے۔ بارش تھمنے کے بعد زندگی معمول پر آگئی۔ لاہور کا موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ دوسری جانب لاہور کے علاقے کماہاں روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے باپ اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

جبکہ چار افراد کو زخمی حالت میں ھسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس سے قبل شام کے وقت لاہور کے علاقے سنگھ پورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔