توہین آمیز خاکے رکوائیں یا دچ سفیر واپس بھیجیں۔ تحریک لبیک کا حکومت سے مطالبہ

 Long March TLY

Long March TLY

لاہور گجرات اسلام آباد: تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیراہتمام گستاخانہ خاکوں کیخلاف ہزاروں افراد پر مشتمل لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں۔ ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری۔ تحریک کے امیر علامہ خادم حسین رضوی اور تحریک کے بانی پیر محمد افضل قادری قیادت کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا ہے کہ رسول پاکۖ جان سے بھی عزیز تر ہیں، امت کسی صورت گستاخی برداشت نہیں کر سکتی۔

گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے دینی جذبات مجروح کررہے ہیں اور عالمی دہشت گردی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ اس گستاخی کو روکنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ قائدین نے کہا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہیگا اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

مارچ میں سید ظہیر الحسن شاہ، علامہ وحید نور، شیخ اظہر حسین رضوی، پیر قاضی محمود احمد، پیر اعجاز اشرفی، ڈاکٹر شفیق امینی، مولانا غلام غوث بغدادی، مولانا رضی حسینی، مفتی قاسم، مولانا فاروق الحسن، مولانا غلام عباس فیضی، علامہ شاہد چشتی، ودیگر رہنما شریک ہیں۔ لانگ مارچ سے قبل وفاقی وزیر مذہبی امور وزیر اعظم کا پیغام لے کر آئے کہ لانگ مارچ اور دھرنے کو مؤخر کیا جائے۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے بانی پیر محمد افضل قادری نے وفاقی وزیر مذہبی امور اور صوبائی وزیر قانون کو تحریک کے موقف سے آگاہ کیا کہ توہین آمیز خاکے رکوائیں یا دچ سفیر واپس بھیجیں احتجاج پھر ختم ہو گا۔

پیر اعجاز اشرفی، مرکزی ناظم نشر واشاعت