مشتاق نے ’’سابق ٹیم‘‘ کوسبق سکھانے کا پلان بنالیا

Mushtaq Ahmed

Mushtaq Ahmed

لندن (جیوڈیسک) مشتاق احمد نے اپنی ’’سابق ٹیم‘‘ کو سبق سکھانے کا پلان تیار کرلیا، انگلینڈ روانہ ہونے والے سابق لیگ اسپنر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر ٹیسٹ سیریز کیلیے حکمت عملی کو حتمی شکل دینگے۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاون مشتاق احمد اپنی سابق ٹیم کے خلاف پلان لیے لندن روانہ ہو گئے، وہ ماضی میں کافی عرصے انگلینڈ کیلیے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کام کرنے کا وسیع تجربہ بروئے کار لانے کا وقت آگیا، وہاں کنڈیشنز اور پچز کو دیکھتے ہوئے ایک پلان بنایا ہے جس پرہیڈ کوچ مکی آرتھر سے تفصیلی بات چیت کروں گا، مختلف امور پر غور کرنے کے بعد حتمی حکمت عملی تیار کر لیں گے۔

قومی ٹیم کے سابق اسپنر نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل کھلاڑیوں کو ماحول سے ہم آہنگی پیدا کرنے کا اچھا وقت ملا ہے، پریکٹس میچز بھی سود مند ثابت ہوں گے۔ میرا تجربہ ہے کہ ایجبسٹن اور اوول گراؤنڈ میزبان ٹیم سے زیادہ گرین کیپس کیلیے سازگار ہوگا، وہاں کی پچز گرین ٹاپ ہونے کے باوجود خشک ہونے پر یکسر مختلف انداز کی ہو جاتی ہیں، دھوپ نکلنے سے اسپنرز کو بھی مدد ملتی ہے، اس طرح کی کنڈیشنز میں ہمارے بیٹسمین بھی طویل اننگز کھیل سکتے ہیں، ان کا ٹیل اینڈرز بھی بھرپور ساتھ دیں تو ٹیم اچھا مجموعہ حاصل کر لے گی، اسکور بورڈ پر زیادہ رنز حریف کپتان الیسٹر کک کو دباؤ میں لانے کا ذریعہ بھی بنیں گے، انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے میزبان بیٹنگ لائن پر بیک فٹ پر لے جانا بیحد اہم ہے، جیمز اینڈرسن جیسے بہترین بولر سے محرومی کا ہمارے بیٹسمین بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، صرف مثبت ذہن کے ساتھ اننگز کو استحکام دینے کی ضرورت ہوگی۔