مانسہرہ: طالبہ سے زیادتی کے ملزمان آج عدالت میں پیش ہونگے

Mansehra

Mansehra

مانسہرہ (جیوڈیسک) ضلع مانسہرہ میں بارہویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ خیبرپختونخواہ کی حکومت کی عدم دلچسپی کے بعد عوامی اشتعال میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے سیکورٹی غیر معمولی سخت کردی گئی ہے۔

بالا کوٹ روڈ پرمنگل کے روز بارہویں جماعت کی طالبہ کو ساتھی طالبہ انعم سلیم جھانسہ دیکر اوباش نوجوانوں کے ساتھ لے گئی تھی۔ جنہوں نے چلتی گاڑی میں طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ لڑکی کی رپورٹ پر پولیس نے تینوں ملزمان قاری نصیر، فیضان اور حسین جان کو گرفتار کر لیا۔ ان ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ مجسٹریٹ کی عدالت نے ملزمان کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت پھر سے پیش کیا جائیگا۔ خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے معاملے پر سردمہری کی وجہ سے عوام میں سخت اشتعال ہے۔