میانوالی: پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

Plane

Plane

پاک فضائیہ کا ایف 7 طیارہ تربیتی کے دوران میانوالی کے علاقے عیسی خیل میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ایئر فورس کا ایف 7 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ عیسی خیل میں شیخ محمود والا کے مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کے پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ طہ نے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا لی تاہم وہ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

طیارے کے زمین کے ساتھ ٹکراتے ہی زوردار دھماکہ ہوا۔ قریبی آبادی کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ پاک فضائیہ کے اہلکار طیارے کا ملبہ اکٹھا کر رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا تاہم اس حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے بورڈ آف انکوائری تشکیل دیدیا ہے۔