تارکین وطن کو جلد اچھی خبریں ملیں گی دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیں گے: شہبازشریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) عوام کے تعاون اور شبانہ روز محنت سے ہم دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وہ لندن پہنچنے کے بعد برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں منعقد ہونے والے پہلے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں دنیا بھر سے سینکڑوں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کرکے وطن عزیز سے محبت کا ثبوت دیاہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں، کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے جو سفارشات اور تجاویز سامنے آئیں ان پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا، صوبائی سطح پر کمیشن کے قیام کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر لیاہے، میرے دورہ برطانیہ کا کلیدی مقصد توانائی، تعلیم او ر صحت کے شعبوں میں برطانوی حکومت کے ساتھ تعاون کوفروغ دیناہے ۔

لندن پہنچنے کے بعد برطانیہ کی وزیر برائے بین ا لاقوامی ترقی جسٹن گریننگ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی اور سکل ڈویلپمنٹ اور شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ قبل ازیں برطانیہ روانگی سے پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چند گھنٹوں میں چار اجلاس کئے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مجھے عام آدمی کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، انہوں نے کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں خصوصاً آلو کے نرخ ہر صورت عام آدمی کی پہنچ میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی موثر روک تھام کیلئے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جسے مارکیٹوں اور بازاروں میں جدید ترین سی سی ٹی وی کیمروں سے منسلک کیا جائے گا۔

لاہور میں جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے پہلے مرحلے میں 1800 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ سنٹر کو سیٹلائٹ کے ذریعے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے بھی منسلک کیا جائے گا۔امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایک اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ موٹروے کے قریب قائداعظم اپیرل پارک اور فیصل آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جا رہا ہے۔ چین کا معروف گروپ رویائی ان دونوں منصوبوں میں تعاون کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں کے وفود سے ملاقات اور 11 ورکنگ گروپس کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔