ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹادیا گیا، منیر اکرم اقوام متحدہ میں مستقل مندوب مقرر

Maleeha Lodhi

Maleeha Lodhi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزرات خارجہ میں تقرر و تبادلوں کی منظوری دی جس کے مطابق ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل یو این وزارت خارجہ خلیل احمد ہاشمی کو اقوام متحدہ جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ میں اے آئی ٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا جبکہ شمالی کوریا میں پاکستانی سفارتخانےکے ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت میں سفیر تعینات کر دیا گیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹورنٹو میں پاکستانی سفارتخانے کے قونصل جنرل عمران احمد صدیقی کو بنگلادیش میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے جبکہ نائیجیریا میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور احسن کے کے وگن کو مسقط اومان میں سفیر تعینات کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر، عبدالحمید کو ٹورنٹو میں قونصل جنرل اور ابرار ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سینئر سفارتکار منیر اکرم پرویز مشرف کے دور میں بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں، ان کا دورانیہ 2002 سے 2008 تک رہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد دورہ امریکا سے واپس آئے ہیں تاہم ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹائے جانے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ردعمل میں کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب منیر اکرم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے میں ملنے والی پذیرائی پر ممنون ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارتکار رہی ہیں اور انہیں دسمبر 2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی 1993ء سے 1996ء اور پھر 1999ء سے 2002ء تک دو بار امریکا میں پاکستان کی سفیر رہیں۔

وہ 2003ء سے 2008ء تک برطانیہ میں بھی پاکستان کی ہائی کمشنر رہیں، ڈاکٹر ملیحہ لودھی 2001ء سے 2005ء تک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایڈوائزری بورڈ کی رکن بھی رہی ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں کسی بھی قومی اخبار کی پہلی خاتون ایڈیٹر بنیں، ان کا صحافتی کیرئیر پاکستان کے معروف انگریزی اخبار دی نیوز سے شروع ہوا اور وہ کئی سال تک اس کی ایڈیٹر رہیں۔

مجھے وزیر اعظم کے دورے پر پذیرائی ملی ہے اور مجھے پچھلے کئی سالوں میں پذیرائی ملی ہے۔