مصباح اور یونس پاکستانی بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی قرار

Misbah, Younis

Misbah, Younis

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز ٹف ہوگی، آئی لینڈرز کو ہوم گرائونڈ پر شکست دینے کیلئے بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ ہمیشہ کمزور رہی، اگر بیٹسمین اچھا کھیلے تو سری لنکا کے خلاف اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔ راشد لطیف نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل سری لنکن ٹیم ہوم گرائونڈ پر پاکستان کو ٹف ٹائم دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ میں سلیکشن کیلئے بیٹسمین محتاط رویہ اپنا سکتے ہیں جو ٹیسٹ سیریز میں فائدہ مند بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ سابق کپتان کے مطابق احمد شہزاد اور خرم منظور اوپننگ کیلئے بہترین ہیں۔

انہوں نے مصباح الحق اور یونس خان کو پاکستان بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کو بطورکپتان جارحانہ سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل سری لنکا کیلئے بڑا خطرہ نہیں کیونکہ سری لنکن بلے باز ان کی بائولنگ کو بہت زیادہ کھیل چکے ہیں۔

راشد لطیف نے کہا کہ جنید خان، وہاب ریاض، راحت علی اور محمد طلحہ انٹرنیشنل کرکٹ کا زیادہ تجربہ نہیں رکھتے ، یہ وقت ہی بتائے گا کہ وہ سری لنکن بیٹسمینوں کیلئے کتنے خطرناک ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے سری لنکن بیٹنگ کے ستون ہیں۔