ماہ رمضان کی آمد، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Arrival Of Ramadan

Arrival Of Ramadan

اسلام آباد (جیوڈیسک) ماہ صیام قریب آتے ہی روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ ملک بھر میں رمضان المبارک کیلئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ سبزیوں، گوشت، پھلوں اور اشیائے خورونوش کی خریداری کیلئے عوام بڑی تعداد میں سستے بازاروں کا رخ تو کر رہی ہے لیکن برا ہو اس مہنگائی کا جس نے عوام کیلئے مذہبی فریضے کی ادائیگی بھی مشکل بنا دی ہے۔

ایک طرف تو دیگر شہروں کی نسبت اسلام آباد میں اشیا کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے اضافہ دیکھا جا رہا ہے تو دوسری جانب اکثریت اشیا کے ناقص معیار کا رونا روتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ اکثریت کا کہنا ہے کہ دیگر اسلامی ممالک کے برعکس پاکستان میں ماہ مقدس کے آتے ہی ناجائز منافع خور ہر چیز کی قیمت کئی گنا بڑھا دیتے ہیں جبکہ ذخیرہ اندوز بھی سارا سال اسی مہینے کا انتظار کرتے ہیں۔

عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے جن کو قابو کر کے سستے بازاروں میں اشیا ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ رحمتوں و برکتوں والا مہینہ فکر معاش چھوڑ کر دلجمعی سے عبادات کرکے خدا کو راضی کر سکے۔