پہلی سحری سے ماہ صیام کا آغاز، نماز فجر میں مساجد نمازیوں سے بھر گئیں

Ramadan

Ramadan

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا اور نماز فجر میں مساجد معمول کے برعکس نمازیوں سے بھر گئیں۔

ملک بھر میں آج پہلے روزے کے لیے سحری کا اہتمام کیا گیا اور دسترخوان کو لذیذ پکوان اور سحری کی سوغات کھجلہ، پھینی سے سجایا گیا۔

مختلف شہروں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھی رش دیکھا گیا جہاں لوگوں نے خصوصی طور پر پہلی سحری کا اہتمام کیا۔

جہاں سحری کے مزے منفرد پکوان سے لیے گئے وہیں بعض شہروں میں عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور گیس کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

رمضان الکریم میں عبادات کا ذوق بھی عروج پر ہوتا ہے اور نماز تراویح کے بعد نماز فجر میں بھی مساجد نمازیوں سے بھری دیکھی گئیں۔

آج سے جیو کی خصوصی ٹرانسمیشن ’احساس رمضان‘ کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس میں حمد باری تعالیٰ، درود و نعت پیش کی گئی اور علمائے اکرام نے دینی مسائل سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جس کے باعث شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزہ کی حالت میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور ایسا کرنا ضروری ہو تو سر ڈھانپ کر گھروں سے باہر نکلیں۔