تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کو خط، نواز لیگ کی پنجاب حکومت کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی

اسلام آباد ،16مارچ ( این این اے) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مسلم لیگ نواز کی پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور عوام کے پیسے کو سیاسی مقاصدکیلئے استعمال کرنے پرنوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسحاق خان خاکوانی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کو اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز الیکشن کمیشن کی ہدایات کو نظر انداز کرکے ٹیکس کے پیسے کو سیاسی مقاصدکے حصول کیلئے اشتہار ی مہم کے ذریعے استعمال کررہی ہے۔

پنجاب حکومت کے حالیہ اشتہار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب حکومت کے وسائل کو سالڈ ویسٹ منجیمنٹ منصوبے کے ذریعے بچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی تشہیر کیلئے ایسے اشتہارات سرکاری خزانے سے چھپوائے جارہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت اپنی مدت ختم کررہی ہے اور یہ عمل نتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اپنی خودنمائی کیلئے سرکاری دولت خرچ کرکے الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو انتباہ کیا تھا کہ وہ اپنی شہرت کیلئے عوامی دولت خرچ نہ کریں ۔

اسحاق خان خاکوانی نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن سے کہاہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی جماعتوں کے خلاف کاروائی کریں ۔پاکستان تحریک انصاف اور ملکی عوام الیکشن کمیشن کے ان اقدامات کا خیرمقدم کرینگے۔