تحریک تحفظ پاکستان کی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حوالہ سے مختلف اخبارات میں چھپنے والی من گھڑت اور بے بنیاد خبر کی سختی سے تردید

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حوالہ سے مختلف اخبارات میں چھپنے والی من گھڑت اور بے بنیاد خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ملک دشمن عناصر اور ادارے جو پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں وہی چیئرمین تحریک تحفظ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خلاف افواہ ساز فیکٹریوں کا کام کرتے ہیں۔

تاکہ ملک میں صاف ستھری اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی قیادت کے جذبات ماند پڑ سکیں مگر ہمیشہ کی طر ح مخالفین کو منہ کی کھانا پڑے گی اپنے ایک مذمتی بیان میں مرکزی رہنماء روحیل اکبر کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نہ صرف محسن پاکستان ہیں بلکہ وہ محسن عالم اسلام بھی ہیں۔

جس طرح انہوں نے ایٹم بم بنا کر ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہے اسی طرح وہ سیاسی میدان میں بھی ملک کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور انکی پارٹی ملکی سیاست میں بھر پور حصہ لے رہی ہے جبکہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں تحریک تحفظ پاکستان جوش خروش سے حصہ لینے کی تیاریاں ابھی سے کر رہی ہے۔

اس لیے انکے خلاف سازشیں کرنے والے پاکستان اور اسلام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خلاف گھٹیا اور بے بنیاد خبر سے نہ صرف تحریک تحفظ پاکستان کے کارکنوں کی دلشکنی ہوئی ہے بلکہ پاکستان کے عوام کی بھی دل آزاری ہوئی ہے انہوں نے ایسے عناصر کی سرکوبی کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کیا۔