ایم کیوایم کے کارکن فہد عزیز پر مبینہ تشدد کے خلاف کیس کی سماعت

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن فہد عزیز پر تشدد کی میڈیکل رپورٹ اور روز نامچہ 15 دن میں طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ فہد عزیز اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں نہ کیا جائے۔

ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز پر پولیس تشدد کیس کی سماعت سندھ ہوئی کورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے فہد عزیز پر مبینہ تشدد کے خلاف درخواست پرڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف سمیت دیگر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ فہد عزیزکی میڈیکل رپورٹ اور روز نامچہ 15 روز میں پیش کیا جائے۔

عدالت نے مزید کہا کہ فہد عزیز اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں نہ کیا جائے۔ فہد عزیز پر تشدد کے خلاف پٹیشن گزشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور فہد کے والد کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس اہل کار سادہ کپڑوں میں آتے ہیں اور کارکنوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں۔