مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانا آسان نہیں ، وفاق

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور(جیوڈیسک)لاہور ہائی کورٹ میں سابق جنرل پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے مقدمے میں وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرانے کا اختیار وفاقی سیکرٹری داخلہ کے پاس ہے۔

جسٹس کاظم رضا شمسی نے رانا جمیل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت شروع کی تو وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انیس سو چورانوے میں وفاقی حکومت نے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق غداری کا مقدمہ درج کرانے کا اختیار وفاقی سیکرٹری داخلہ کو دیا گیا،پرویز مشرف کی تین نومبر کی ایمرجنسی اور آئین معطلی کے معاملے پر بھی وفاقی سیکرٹری داخلہ ہی کارروائی کر سکتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج کروانا اتنا آسان نہیں جتنا سمجھا جا رہا ہے۔

درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر نے دو مرتبہ آئین توڑا اور منتخب حکومت کو برطرف کیا جوآئین پاکستان کے مطابق غداری ہے لہذا عدالت پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے اور اس کے مطابق کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرے۔