مشرف فرار کیس : سپریم کورٹ نے آئی جی کی اپیل نمٹا دی

IG Pakistan

IG Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک)مشرف فرار کیس میں سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کی اپیل نمٹاتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کو میرٹ کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی، اسلام آباد ہائیکورٹ مقدمے کا فیصلہ کل کرے گا۔سپریم کورٹ میں پرویز مشرف فرار کیس میں آئی جی کی اپیل کی سماعت ہوئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بھی مقدمے کی سماعت کر رہا ہے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے حکمنانہ لکھواتے ہوئے ہائیکورٹ کو ہدایت کی کہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ عدالت نے آئی جی کے خلاف کاروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوران سماعت عدالت نے مقدمے کو نمٹاتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کو میرٹ کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی گئی۔ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز نے مقدمے کی سماعت شروع کی۔ جسٹس شوکت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے آئی جی اسلام آباد کے خلاف انکوائری رپورٹ کے بارے میں استفسار کیا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے انہیں بتایا ہے۔

رپورٹ سیکریٹری داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ آپ وزارت داخلہ سے پوچھں اور بتائیں کہ کیا کاروائی کی گئی ہے۔ عدالتی وقفے کے بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آئی جی کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی 22 گریڈ کے افسر ہیں۔

ان کے خلاف صرف وزیر اعظم ہی ایکشن لے سکتے ہیں، وزارت داخلہ نہیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائیگا۔