fbpx

قومی کرکٹرز نے بائیوسیکیور ببل جوائن کرلیا

National Cricketers

National Cricketers

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے 21 کرکٹرز بھی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی رونقوں کا حصہ بن گئے جب کہ 2 کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ملتان میں بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا۔

کورونا پروٹوکول کے تحت دونوں ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس لوٹنے والے 21 کرکٹرز قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انھیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے، ان کھلاڑیوں میں ناردرن کے محمد عامر، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب، سینٹرل پنجاب کے عابد علی اور نسیم شاہ، سدرن پنجاب کے محمد عباس،خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، محمد رضوان، محمد حفیظ، فخر زمان، شعیب ملک، عمران خان سینئر اور افتخار احمد، بلوچستان کے یاسر شاہ، کاشف بھٹی اور امام الحق جبکہ سندھ کے سہیل خان، محمد حسنین اور اسد شفیق شامل ہیں۔

ناردرن کے آل راؤنڈر سہیل تنویر نے بھی بائیو سیکیور ببل کو جوائن کرلیا، سرفراز احمد کے جمعے کو ہونے والے دوسرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ اتوار کو متوقع ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا ٹیسٹ گذشتہ شام پی سی بی کے سنٹرل اسٹیشن پر کیا گیا، ان اسکواڈز میں شامل جس فرد کی پہلی رپورٹ مثبت آئی اس کا دوسری بار نتیجہ منفی آگیا ہے، سیلف آئسولیشن میں موجود اس فرد کا تیسرا ٹیسٹ بدھ کو لیا جائے گا۔

ادھر فواد عالم کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے، جس کے بعد انھوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود سندھ سیکنڈ الیون اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔