سیلابی صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ

Flood Situation

Flood Situation

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش کے متاثرین کی بحالی کا منصوبہ فوری طورپر تیار کرنے کاحکم دے دیا ہے اور سیلاب میں گھرے افراد کو ان کے مال مویشیوں سمیت فوری طورپر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گيا کہ حالیہ بارشوں کےباعث مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال ہوگئی جس سے پنجاب، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں ایک سو دس افراد جاں بحق اور ڈيڑھ سو زخمی ہوئے ۔ بارشوں سے ساڑھے چھ سو مکانات مکمل طورپر تباہ ہوکئے۔ نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیرمین نے حکام کو بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی جاری ہیں اور اب تک پندرہ سو خیمے اور تین ہزار کمبل متاثرین میں تقسیم کیے جاچکے وزیراعظم کو دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بارشوں اورسیلاب سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ریلیف آپریشن میں سویلین اداروں اور مسلح افواج کی خدمات قابل تحسین ہیں وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو آج رات تک تمام قومی شاہراہیں کھولنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب میں گھرے افراد اور جانوروں کی محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔