نازیوں کی تلاش کے لئے پوسٹر مہم شروع

Nazis

Nazis

برلن (جیوڈیسک) جرمنی میں جنگی جرائم کے مرتکب نازیوں کی تلاش اور انھیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پوسٹر مہم شروع کر دی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا میں قائم ایک ادارے سائمن ویزنتل سینٹر کی جانب سے یہ پوسٹرز جرمنی کے دارالحکومت برلن، ہیمبرگ اور کولون میں آویزاں کئے گئے ہیں۔

ان پوسٹرز میں نازیوں کا اوشوٹز کیمپ دکھایا گیا ہے۔ اس پوسٹر مہم میں لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ نازی جرمنی کے ان افراد کی معلومات فراہم کریں جو جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے۔ ان افراد میں سے چند نے اوشوٹز کیمپ میں محافظوں کی ڈیوٹی سرانجام دی تھی یا پھر اس کیمپ میں فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے کام پر مامور تھے۔ ایک اندازے کے مطابق جرمنی میں 60 نازی ابھی بھی زندہ ہیں۔

ان پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ اس مہم کا نام ”آپریشن لاسٹ چانس ٹو” ہے۔ سینٹر نے معلومات فراہم کرنے کے عوض 25 ہزار یورو کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ سائمن ویزنتل سینٹر کا کہنا ہے کہ جان کو دی گئی سزا کے باعث جرمنی کے حکام سینکڑوں تحقیقات کو دوبارہ شروع کر سکیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نازیوں کے بارے میں جرمنی میں دو آرا پائی جاتی ہیں۔ ایک وہ ہیں جو عمر رسیدہ افراد ہیں جن کے خیال میں جنگی جرائم کے مرتکب افراد کا قبر تک پیچھا کرنا چاہیے اور دوسری رائے رکھنے والے نوجوان افراد ہیں جن کا کہنا ہے کہ یہ موجودہ جرمنی کا ماضی تھا۔