اوگرا کرپشن، نیب کو چالان پیش کرنے کی ہدایت، توقیر صادق نے تین سالہ سزا چیلنج کر دی

 Tauqeer Sadiq

Tauqeer Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کو آئندہ سماعت پر اوگرا کرپشن کیس کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کر دی، نیب کی جانب سے حتمی چالان میں اہم کاروباری، اعلی سرکاری و سیاسی شخصیات کے نام ملزموں کی فہرست میں شامل کیے جائینگے، توقیر صادق نے غیر حاضری پر تین سال کی سزا کیخلاف درخواست دائر کر دی۔

اوگرا کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو عدالت پیش کیا گیا۔ نیب تفتیشی افسر محمد وقاص نے دوران سماعت عدالت کو حتمی چالان سے متعلق آگاہ کیا، نیب کی جانب سے اوگرا کرپشن کیس کا حتمی چالان نومبر کے پہلے ہفتے تک مکمل کر لیا جائیگا۔ چالان میں 20 سے زائد گواہوں کو شامل کیا گیا ہے۔

حتمی چالان میں دو سابق وزرائے اعظم کا نام بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق چالان میں کاروباری، اعلی سرکاری و سیاسی شخصیات کے نام ملزموں کی فہرست میں شامل کیے جائینگے۔عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر تفتیشی افسر وقاص خان نے موقف اختیار کیا کہ کچھ رپورٹس تصدیق کیلئے ماہرین کے پاس بھجوائی ہیں، رپورٹس آنے کے بعد چالان مرتب کیا جائے گا۔

چالان کیلئے چیئرمین نیب کی منظوری بھی ضروری ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ حتمی چالان کیلیے 3 سے 4 ہفتے کا وقت درکار ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ چالان 14 روز میں پیش کرنا ضروری ہے۔ اوگرا کرپشن کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب توقیر صادق نے غیرحاضری پر 3 سال کی سزا کیخلاف درخواست عدالت میں دائر کر دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے عدالت سے جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے کر انہیں سزا دلوائی۔ احتساب عدالت نے توقیر صادق کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔