اپوزیشن جماعتیں سیاسی حکمت عملی کیلئے آج افطار ڈنر پر اکٹھی ہوں گی

Opposition Parties

Opposition Parties

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملکی معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف حکمت عملی پر غور کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا بڑا اجتماع آج ہو گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی ہے جس میں مریم نواز سمیت دیگر شریک ہوں گے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں افطار ڈنر کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو وفود سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق افطار ڈنر سے قبل اپوزیشن قائدین کا مشترکہ مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، معاشی بحران سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کئی سال بعد زرداری ہاؤس میں کسی اجلاس میں شرکت کرے گی، (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز وفد کے ہمراہ افطار ڈنر میں شریک ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جمعہ کی شب ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق ہوا تھا۔