پاکستان افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں، شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

بھوربن میں افغان امن عمل کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہم امن و استحکام اور مشترکہ مستقبل کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں، پاکستان اور افغانستان یکساں تاریخ، مذہبی تعلق، زبان اور ثقافت رکھتے ہیں، پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو دہائیوں سے پناہ دینا اسی بھائی چارے کا غماز ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، پاکستان اور افغانستان عدم استحکام اور تنازعات کے باعث شدید متاثر ہوئے، ایک دوسرے کے درمیان عدم اعتماد کی فضا کسی کے مفاد میں نہیں، پاک افغان تعلقات پر کسی کو عدم اعتماد پیدا کرنے، پروپیگنڈہ یا منفی تاثر پیدا نہیں کرنے دیں گے۔ افغانستان کو تجارتی، معاشی اور اقتصادی امور میں ہرممکن مدد دیں گے۔ افغان مہاجرین کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی کے خواہاں ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کے دوران سابق افغان وزیر اعظم گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ عراق یمن ایران اور افغانستان میں بدامنی کا ماحول ہے، پاکستان اور افغانستان مل دونوں افغان جنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں ۔ یہ جنگ افغانستان کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کے بقا کی جنگ بھی ہے۔

شمالی اتحاد کے رہنما احمد شاہ مسعود مرحوم کے بھائی احمد ولی مسعود نے کہا کہ آج پاکستان اور افغانستان کے مابین ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے، آج ہمیں تعلقات کا نیا اور بہترین آغاز کرنا ہے۔