پاکستان میں بلڈ کینسر “لیوکیمیا اور لمفوما” مرض کے حوالے سے ساتویں نمبرپر آچکا ہے

کراچی : لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ مرض سے بچنے کا واحد حل امراض سے متعلق احتیاطی تدابیر سے آگاہی کا ہونا ہے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہم قیمتی زندگیوںکو امراض سے محفوظ بنا سکتے ہیں لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج مرض سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کرتی ہے آج کا منی سمپوزیم کا انعقاد بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ عوام کو بلڈ کینسر کے جدید طریقہ علاج اور اس سے آگاہی پیدا کی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کے تحت منعقدہ بلڈ کینسر “لیوکیمیااور لمفوما”کے حوالے منی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا سمپوزیم سے ڈاکٹر طاہر شمسی، ڈاکٹر نائلہ ذاہد، ڈاکٹر ثوبیہ تبسم، ڈاکٹر سعدیہ سلطان اور ڈاکٹر محمد عرفان نے بھی اپنے خطاب میں بلڈ کینسر “لیوکیمیااور لمفوما” کی تشخیص، علاج اور اس سے بچائو کے حوالے سے مفید معلومات سے شرکاء کو آگاہ کیا مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ بلڈ کینسر “لیوکیمیااور لمفوما”کے حوالے سے پاکستان دنیا میں ساتویں نمبر پر آچکا ہے۔

ایک سروے کے مطابق اس وقت سالانہ 15ہزار افراد بلڈ کینسر “لیوکیمیااور لمفوما”کا شکار ہوجاتے ہیں انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں بلڈ کینسر “لیوکیمیااور لمفوما”میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے لہذا ضروری ہے کہ اس مرض سے متعلق عوامی شعور کی آگاہی پیدا کی جائے اور شعبہ طب سے وابستہ افراد کو جد ید طریقہ علاج سے متعارف کیا جائے تا کہ اس مرض سے لوگوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

ماہرین طب نے کہا کہ مرض سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ بہادری سے اس کا مقابلہ کیا جائے مقررین نے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو بلڈ کینسر کے حوالے سے کامیاب سمپوزیم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری اور نجی سطح پر امراض سے متعلق عوامی شعور کو بیدار کیا جائے تاکہ ہم صحت مند معاشرہ اور مہلک امراض سے قیمتی جانوں کو ضیاع ہونے سے بچا سکیں۔