سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے

 Prince Mohammad Bin Salman

Prince Mohammad Bin Salman

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں۔

سعودی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے۔

ذرائع سعودی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں ممالک کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے بعد کوالالمپور روانہ ہوں گے۔

سعودی ولی عہد کے دورے سے قبل ان کی سیکیورٹی ٹیم کل پاکستان پہنچی تھی اور اس نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔