پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری

Christmas Celebrations

Christmas Celebrations

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری ہیں۔ اس موقع پر گرجا گھروں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔ ویٹی کن میں کرسمس کی مرکزی دعائیہ تقریب ہوئی۔ پوپ فرانسس کہتے ہیں ہمیں دنیا کی اصلاح اور امن کیلئے اکٹھے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹر بیسلیکا میں کرسمس کی دعائیہ تقریب میں دنیا بھر سے آئے مسیحیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے پہلے کرسمس خطاب میں کہا کہ ہمارے دل بند ہونگے تو خود پرستی، دھوکا دہی اور تاریکی ہمارے اندر گھر کر جائے گی ہمیں دنیا کی اصلاح کیلئے اکٹھے ہونا ہو گا اور امن کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

اس موقع پر مذہبی گیت گائے گئے۔ فلسطین کے شہر بیت اللحم میں چرچ آف نیٹیوٹی میں دعائیہ تقریب ہوئی جس میں شرکت کیلیے فلسطینی صدر محمودعباس نے بھی شرکت کی ۔ سخت سردی کے باوجود دنیا بھر سے آئے مسیحیوں کی بڑی تعداد نے مڈنائٹ تقریبات میں دنیا میں امن ویکجانیت کیلئے دعائیں مانگیں۔

اسرائیل کے شہر ناصرہ میں بھی ہزاروں افراد نے ایننسی ایشن چرچ کے قریب یسوع مسیح کی پیدائش کا مڈنائٹ جشن منایا۔ بغداد میں سیکورٹی کی بہتر صورتحال کے باعث سیکڑوں افراد شب کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور ملکی ترقی اور امن ویکجہتی کیلئے خصوصی دعا کی۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بھی ہزاروں عیسائی گرجا گھر اور اس کے باہر لگی اسکرین سے دعائیہ سروس میں شریک رہے۔

پاکستان میں بھی کرسمس کی مڈنائٹ تقریبات ہوئیں جس میں مسیحیوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ بھارت میں ہونے والی شب کرسمس کی دعائیہ تقریبات میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور روایتی انداز میں دعا مانگی۔ اس کے علاقہ امریکا، برطانیہ ، شام ،سپین سمیت دنیا بھر میں کرسمس جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔