پاکستان اور بھارت کے مابین تجارت بڑھانے کیلئے ورلڈ بنک 90 لاکھ ڈالر امداد دیگا

World Bank

World Bank

کراچی (جیوڈیسک) پاک بھارت تجارت میں اضافے کے لئے عالمی بینک 90 لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد فراہم کرے گا، رقم سے سیمینارز منعقد کئے جائیں گے، واہگہ بارڈر کو جدید بنایا جائے گا۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت میں درپیش مشکلات کے خاتمے اور اضافے کے لئے عالمی بینک تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، ابتدائی طور پر یو ایس ایڈ بھارت کو ایم ایف این اسٹیٹس دینے کے لئے پاکستان کو3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔

جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی اہمیت سے متعلق اسٹڈیز اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے، جبکہ واہگہ اور طورخم بارڈر کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس کا مقصد تاجروں کو جدید سہولتوں کی فراہمی اور طورخم سے ایساف کے لئے ذرائع نقل و حمل کو سہل اور آسان بنانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ماہرین پاک بھارت تجارت سے متعلق تحقیق کے لئے ماہانہ 3 ہزار سے 12 ہزار ڈالر وصول کر رہے ہیں،جبکہ عالمی بینک پاک بھارت تجارت میں اضافے کے لئے تکنیکی کام میں مصروف ہے۔