پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں: او آئی سی

OIC

OIC

ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی نمائندہ تنظیم’ اسلامی تعاون تنظیم’ او آئی سی’ نے پاکستان اور بھارت پر تنازعات پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 57 مسلمان ملکوں کی نمائندہ تنظیم کے ابو ظبی میں ہونے والے وزارت خارجہ سطح کے اجلاس میں پاکستان اور بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے باہمی تنازعات کے حل کے لیے جنگ کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اپنائیں۔ ‘او آئی سی’ نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

حالیہ ایام میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران طاقت کے استعمال کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ او آئی سی نے بھارتی طیاروں کی پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کو کشمیر اور پاکستان کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیایا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 فروری کو اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے تھے جب بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عاید کی تھی۔ اسلام آباد نے نئی دہلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف ٹھوس ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔