پاکستان اور بھارت کو کشمیر سمیت تمام معاملات کا حل نکالنا ہو گا: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میری تقریب حلف برداری کیلئے پاکستان آنے پر میں سدھو کا مشکور ہوں، وہ امن کا پیامبر بن کر آیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت میں جو لوگ سدھو کے خلاف تلواریں سونتے ہوئے ہیں وہ حقیقت میں برصغیر کے امن پر حملہ آور ہیں جس کے بغیر ہمارے لوگوں کی ترقی ممکن نہیں‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہو گا‘۔

عمران خان نے مزید کہا کہ’ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کیے جائیں اور باہمی تجارت کا آغاز کیا جائے‘۔