پاکستان کا بھارت سے مذاکرات کی بحالی میں پہل کرنے سے انکار

Pak Army

Pak Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی کے لئے دوبارہ رابطہ نہیں کرے گا، اگر بھارت کو پاکستان سے بات کرنی ہے تو اب اسے پہل کرنا ہو گی۔

طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت سے تعلقات انتخابی موضوع نہیں رہا لیکن بدقسمتی سے بھارت ابھی تک اس سوچ سے نہیں نکل سکا ہے، ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر موجودہ کشیدگی کا براہِ راست تعلق بھارت میں ہونے والے ریاستی انتخابات سے ہے اور بی جے پی ان انتخابات میں کامیابی کے لئے پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دے رہی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر آئیں لیکن اس وقت یہ تعلقات بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور ان میں فوری بہتری مشکل دکھائی دیتی ہے، وزیراعظم نواز شریف کی کوششوں سے باہمی مذاکرات بحال ہونے جا رہے تھے جنہیں بھارت نے خود ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اب مذاکراتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے بھارت کو پہل کرنا ہو گی۔ پاکستان اس سلسلے میں بھارت سے کوئی رابطہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ہمیشہ سے مرکزی نکتہ رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستان میں اس وقت منتخب حکومت کام کررہی ہے جو عوامی خواہشات پر مبنی پالیسی اختیار کرے گی۔