پاکستان نے بھارت کے آئی ایس آئی پر لگائے الزامات مسترد کردیے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نو منتخب حکومت کی جانب سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر پالیسی گائیڈ لائن ابھی نہیں ملی۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی تاریخ طے کی جا رہی ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے وزیر اعظم نواز شریف کا بیرون ملک پاکستانی سفیروں کیلیے خارجہ پالیسی کا ہدایت نامہ پڑھ کر سنایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے نئی حکومت کی ترجیحات واضح کردی ہیں۔ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے ڈرون حملوں پر پالیسی بیان قومی اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں دے دیا تھا، ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر ان کے پاس کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔

منصوبے پر حکومت سے ابھی تک کوئی پالیسی گائیڈ لائن نہیں ملی۔ اعزاز احمد چوہدری نے وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی حکومت کے پاس بھارتی پنجاب میں خالصتان تحریک کو دوبارہ ہوا دینے کے حوالے سے آئی ایس آئی کے خلاف ثبوت موجود ہیں تو فراہم کرے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حکومت سے نزہت جہاں تک قونصل رسائی مانگ لی ہے ، انہوں نے بتایا کہ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویل 8 جون کو پاکستان کا دورہ کرینگے ، جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کی تاریخیں طے کی جارہی ہیں۔